ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ، پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

پاکستان نے ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2024 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

آخری گروپ میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 1-5 سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

پاکستان کی جانب سے ابتدائی برتری 20 ویں منٹ میں ملی، جب سبحان کریم نے ایک عمدہ گول کے ذریعے ٹیم کو سری لنکا پر 0-1 کی سبقت دلائی، اس کے بعد 30 ویں منٹ میں محمد طلحہ نے ایک اور شاندار گول کرکے پاکستان کی برتری کو 0-2 کر دیا۔

پاکستان کا تیسرا گول 36 ویں منٹ میں سبحان کریم کی طرف سے آیا، جس نے ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کردیا۔ ہاف ٹائم پر پاکستان کو 0-3 کی واضح برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں سری لنکا کی ٹیم پر مزید دباؤ بڑھا اور سری لنکا کے ایک اون گول نے پاکستان کے اسکور کو 0-4 کر دیا۔ 56 ویں منٹ میں عبدالغنی نے ایک شاندار گول کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 0-5 کر دیا۔

سری لنکا کی ٹیم نے کھیل کے 76 ویں منٹ میں اپنا پہلا اور واحد گول کیا لیکن وہ پاکستان کی زبردست کارکردگی کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکی، اس شاندار فتح کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں