زندگی گزارنے کے لیے دنیا کا بہترین ملک کونسا ہے؟ اس سوال کا جواب ایک نئی رپورٹ میں دیا گیا ہے۔
یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ کی جانب سے معیار زندگی کے حوالے سے بہترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
89 ممالک پر مشتمل اس فہرست میں تحفظ، آمدنی، سیاسی استحکام، تعلیمی نظام، طبی نظام، جاب مارکیٹ، مہنگائی اور دیگر پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر درجہ بندی کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈنمارک وہ ملک ہے جہاں کے شہریوں کو اعلیٰ معیاری زندگی کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
اس ملک میں علاج کی سہولیات مفت دستیاب ہیں، بچوں کی نگہداشت سے متعلق سروسز میں سبسڈیز فراہم کی جاتی ہیں جبکہ یونیورسٹی کے طالبعلموں کو فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
اس سے قبل ڈنمارک کو بیرون ملک کام کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی دنیا کا بہترین ملک قرار دیا گیا تھا۔
ناروے، کینیڈا، فن لینڈ، جرمنی، آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور نیوزی لینڈ بالترتیب چوتھے سے 10 ویں نمبر پر رہے۔
بہترین زندگی گزارنے کے لیے جاپان ایشیا کا بہترین ملک قرار دیا گیا جو مجموعی طور پر 14 ویں نمبر پر موجود ہے۔
ایشیا کا دوسرا بہترین ملک سنگاپور رہا جو اس فہرست میں 23 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ جنوبی کوریا اور چین 25 اور 26 ویں نمبر پر رہے۔
متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ کا بہترین ملک قرار پایا جو اس فہرست میں 27 ویں نمبر پر رہا جبکہ قطر (28 ویں) اور سعودی عرب (31 ویں) بھی زیادہ پیچھے نہیں۔