عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں کو کرنا ہے ،امریکا

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں کو پاکستانی آئین کے مطابق کرنا ہے .کانگریس ارکان کے صدر جو بائیڈن کو لکھے گئے حالیہ خط پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کی خط و کتابت پر تبصرہ نہیں کرتے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق انسانی حقوق امریکا اور پاکستان کے تعلقات کا ایک اہم جُز ہیں۔ ہم دیگر ممالک کی طرح پاکستان سے بھی ان مسائل پر باقاعدگی سے بات کرتے ہیں۔ہم دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جمہوری اصولوں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے احترام کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔گزشتہ روز امریکی ایوانِ نمائندگان کے ساٹھ سے زائد اراکین نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے صدر جوبائیڈن کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم سمیت پاکستانی جیلوں سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کی کوشش کی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں