ڈونلڈ ٹرمپ 20جنوری 2025کو حلف اٹھائیں گے

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بیس جنوری دوہزار پچیس کو صدارتی عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اسی وقت وہ قانونی طور پر صدارت کے اختیارات اور ذمہ داریاں بھی سنبھال لیں گے۔ان کی تقریبِ حلف برداری سے قبل امریکی صدارتی انتخاب کے تمام معاملات سترہ دسمبر تک طے ہو جائیں گے۔اس کے بعد امریکی کانگریس چھ جنوری کو باقاعدہ الیکٹورل کالج ووٹوں کی گنتی کرے گی اور نئے صدر کے انتخاب پر مہر ثبت کردے گی۔ ٹرمپ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے نو منتخب صدر کو ان کی جیت پر مبارکباد دینے کے لیے فون کیا ہے اور انھیں انتظامیہ کی منتقلی پر بات کرنے کے لیے وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا ہے۔ٹرمپ کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اس ملاقات کے منتظر ہیں جو جلد ہی ہو گی۔ صدور عام طور پر آنے والی انتظامیہ کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کرتے ہیں اور افتتاحی تقریب کے لیے ان کے ساتھ یو ایس کیپیٹل تک سواری کرتے ہیں۔ٹرمپ نے بائیڈن کے انتخاب پر دوہزار اکیس میں اس تقریب میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں