آئینی بینچ نے ملٹری کورٹس کو فیصلہ سنانے کی اجازت دے دی

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ملٹری کورٹس کو 85 ملزمان کا فیصلہ سنانے کی اجازت دے دی۔ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث 85 ملزمان کے فیصلے سنانے کی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ خصوصی عدالتوں کے فیصلے سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمہ کے فیصلے سے مشروط ہوں گے۔ملٹری کورٹس کیس کی سماعت سرما کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی گئی. آئینی بینچ نے حکم دیا ہے کہ جن ملزمان کو سزائوں میں رعایت مل سکتی ہے انہیں رہا کیا جائے جن ملزمان کو رہا نہیں کیا جا سکتا انہیں سزا سنانے پر جیلوں میں منتقل کیا جائے۔سپریم کورٹ کا آئینی بینچ نے جسٹس امین الدین کی سربراہی میں ملٹری کورٹس کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کررہا ہے جہاں وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیئے۔ جسٹس جمال مندوخیل ریمارکس دئیے کہ اس نکتے پر دلائل دیں کہ آرمی ایکٹ کی کالعدم دفعات آئین کے مطابق ہیں. کیا آرمی ایکٹ میں ترمیم کرکے ہر فرد کو اس کے زمرے میں لایا جا سکتا ہے. اس پہلو کوبھی مدنظر رکھیں کہ آرمی ایکٹ 1973 کے آئین سے پہلے بنا تھا۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ کل بھی کہا تھا کہ 9 مئی واقعات کی تفصیلات فراہم کریں، فی الحال تو ہمارے سامنے معاملہ صرف کور کمانڈر ہاؤس کا ہے، اگر کیس صرف کور کمانڈر ہاؤس تک ہی رکھنا ہے تو بھی آ گاہ کردیں.سماعت کے اختتام پر آئینی بینچ نے کیس میں آج کی سماعت کا آرڈر جاری کرتے ہوئے فوجی عدالتوں کو ملزمان کے فیصلے سنانے کی اجازت دے دی۔

اپنا تبصرہ لکھیں