لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر کو آج شام 5 بجے تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔جسٹس فاروق حیدر نے چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پنجاب عالیہ حمزہ کی مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست پر سماعت کی، چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پنجاب عالیہ حمزہ عدالت کے روبرو پیش ہوئیں ڈپٹی کمشنر لاہور نے عدالتی حکم پر جلسے کی اجازت سے متعلق رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ 8 فروری کو شہر میں کرکٹ میچ ہے، ہارس اینڈ کیٹل شو بھی ہے، ڈی سی لاہور نے بتایا کہ جلسے کی اجازت سے متعلق میٹنگز ابھی جاری ہیں، کل بھی اس حوالے سے میٹنگ بلائی ہے۔دوران سماعت چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے یقین دہانی کرائی کہ جو بھی عدالت کا حکم ہوگا، ہم اس پر عمل کریں گے۔جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دیے کہ دیکھا جائے تو 2 فیصلے ہو سکتے ہیں یا تو پی ٹی آئی کی درخواست منظور ہو جائے گی یا مسترد ہو جائے گی۔اگر پی ٹی آئی کی درخواست مستر دہوتی ہے تو ان لوگوں کے لیے کوئی راستہ نہیں ہوگا درخواست پر آج ہی فیصلہ کر دیا جائے تو کیا اعتراض ہے.لاہور ہائیکورٹ نے ڈی سی لاہور کو پی ٹی آئی کی درخواست پر آج شام 5 بجے تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔
