کراچی میں نامعلوم افراد نے 3 ٹرکوں کو آگ لگا دی

کراچی میں لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے تین مال بردار ٹرکوں کو آگ لگادی ۔ پولیس کے مطابق کورنگی نمبر 6 میں ایک ٹرک جبکہ لانڈھی میں دو ٹرکوں کو آگ لگا کر ملزمان فرار ہوگئے۔جبکہ الکرم اسکوائر کے قریب بھی نامعلوم افراد نے مال بردار ٹرالر جلانے کی کوشش کی لیکن علاقہ پولیس اور عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر فوری قابو پا کر ٹرالر جلنے سے بچا لیا گیا۔پولیس کے مطابق آگ لگنے والے ٹرکوں پر مختلف اقسام کا مال لدا ہوا تھا تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹرک قائد آباد داؤد چورنگی سے کورنگی کراسنگ جا رہے تھے۔ایس ایچ او لانڈھی ملک سلیم کے مطابق پولیس نے ملزمان کو فرار ہوتے ہوئے دیکھ کر ہوائی فائرنگ کی جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگئے۔ایس ایچ او ملک سلیم نے مزید بتایا کہ آگ لگانے کا واقعہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔رات گئے بھی لانڈھی 89 ڈبل روڈ پر ہیوی ٹریفک کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈمپروں کی ٹکر سے 7 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

Unknown persons set fire to 3 trucks in Karachi

اپنا تبصرہ لکھیں