کراچی کے نیٹی جیٹی پل پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جب تیز رفتار ٹریلر نے کار، موٹر سائیکل اور رکشے کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں باپ، بیٹا جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔ نیٹی جیٹی پل سے آئی سی آئی پل کی جانب جاتے ہوئے تیز رفتار ٹریلررجسٹریشن نمبرایس ایم اے 129 نے عقب سے کار، موٹرسائیکل اور رکشے کو ٹکرماردی، حادثے کے نتیجے میں سیاہ رنگ کی کار رجسٹریشن نمبربی ایم 4598 پل پر لگی آہنی باڑ توڑتے ہوئے پل سے نیچے لوہے کے پائپوں پر جا گری۔ جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود باپ اور بیٹا زندگی کی بازی ہارگئے جب کہ کار میں موجود دوسرا بیٹا شدید زخمی ہے۔پولیس کے مطابق حادثہ ٹرالر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جاں بحق افراد ڈیفنس میں واقع رہائش گاہ سے سائٹ ایریا میں اپنی فیکٹری جا رہے تھے.حادثے میں رکشہ ڈرائیوربھی شدید زخمی ہوگیا .حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 62 سالہ محمد اشرف ولد عبداللہ ان کا بیٹا 40 سالہ نوید محمد اشرف شامل ہیں حادثے میں متوفی محمد اشرف کا دوسرا بیٹا عثمان محمد اشرف اورایک رکشہ ڈرائیورشمس الحہی زخمی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور ٹرالر چھوڑ کر فرار ہوگیا ٹرالر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔یاد رہے کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں 132 شہری جاں بحق اور 1870سے زائد شہری زخمی ہوئے۔