صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری اور شہریت کے لیے گولڈ کارڈ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کی مالیت پانچ ملین ڈالر مقرر کی گئی ہے.امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ای بی 5 امیگرینٹ انویسٹر ویزا پروگرام کو گولڈ کارڈ میں تبدیل کرنے کی پیشکش کر دی۔صدر ٹرمپ نے گولڈ کارڈ کو گرین گارڈ کی طرح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے امریکہ ایسے افراد آئیں گے جو یہاں کے شہریوں کو ملازمت دیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے قومی خسارہ بھی کم ہو گا۔امریکی صدر ٹرمپ کے مطابق گولڈ کارڈ گرین کارڈ کی مراعات دے گا اس سے 5 ملین ڈالرز میں اسے خریدنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو امریکی شہریت مل جائے گی.ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے لوگ امریکہ آ کر یہاں کاروبار کرنا چاہتے ہیں اور کمپنیاں بنا کر روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ گولڈ کارڈ ایسے افراد کے لیے اعلیٰ ترین امریکی شہریت کی مانند ہو گا۔صدر ٹرمپ کے مطابق گولڈ کارڈ کی فروخت آئندہ دو ہفتوں میں شروع ہوجائے گی جب کہ اس ضمن میں قانونی تقاضے پورے کیے جا چکے ہیں.ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت 10 لاکھ کارڈ فروخت ہونے کی توقع ہے اس اقدام سے قومی قرضوں کی فوری ادائیگی بھی ہو سکتی ہے.