لاہور میں کوٹ لکھپت پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہنی ٹریپ کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا ملزمان میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ملزمان کا گروہ ٹک ٹاک پر دوستیاں بنوانے کے لیے لڑکیوں کا استعمال کرتا تھا دوستی بہتر ہونے پر شکار کو ملنے کے بہانے بلایا جاتا تھا۔لڑکیوں سے ملنے کے لیے آنے والے شہریوں کو نہ صرف لوٹ لیا جاتا تھا بلکہ برہنہ کر کے تشدد کی ویڈیو بھی بنالی جاتی تھی . متاثرہ شہری کی درخواست پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 خواتین سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں سرکاری محکمے کا جونیئر کلرک عاصم اور ڈولفن اہلکار وقاص بھی شامل ہیں۔گرفتار ہونے والوں سے موبائل فون، ہتھکڑی ، پستول اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے