ایلون مسک نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی سوشل میڈیا ایپ ایکس پر بڑا سائبر حملہ ہوا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں صارفین کی سوشل میڈیا ایپ تک رسائی متاثر ہوئی۔ڈاؤن ڈیٹیکٹر ٹریکنگ سائٹ کے مطابق یہ سائبر حملہ پیر کو ہوا جس کے نتیجے میں ایشیا، یورپ اور شمالی امریکا کے صارفین نے شکایت کی کہ انہیں ایکس کو لوڈ کرنے یا اس کے استعمال میں مشکل ہورہی ہے۔اس حوالے سے ایلون مسک نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایکس پر روزانہ ہی سائبر حملے ہوتے رہتے ہیں لیکن اب بہت زیادہ وسائل کا استعمال کرتے ہوئے بڑا سائبر حملہ کیا گیا ہے جس میں یا تو کوئی بڑا گروپ یا پھر کوئی ملک شامل ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایکس کے حوالے سے یہ خدشات دوبارہ پیدا ہوگئے ہیں کہ آیا پلیٹ فارم کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے یا یہ کسی خرابی کے سبب ہورہا ہے۔ایلون مسک نے اس حوالے سے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ سائبر حملہ یوکرین کے آئی پی ایڈریس سے ہوا ہے تاہم ان کی اس بات سے سائبر سیکیورٹی کے ماہرین نے سوشل میڈیا پر اختلافِ رائے کا اظہار کیا ہے۔