امریکی قونصل خانے کی شکایت پر ایف آئی اے نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کم سن امریکی بچوں کی نازیبا وڈیوز بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ نابالغ امریکی بچیوں کی آن لائن نازیبا ویڈیوز بناکر بلیک میلنگ میں ملوث ملزم کو ایف آئی اے سائبر کرائمز سرکل کے عملے نےکراچی کی نیو رضویہ سوسائٹی سے گرفتار کیا۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ نیو رضویہ سوسائٹی کے رہائشی ملزم آغا سرورسے موبائل فون لیپ ٹاپ اور دیگر آلات برآمد کیا گیا ہے جبکہ ملزم سے کم سن بچوں کو دیے گئے دھمکی آمیز پیغامات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ سائبر کرائمز کے تفتیشی افسر امیر کھوسو کے مطابق ملزم آغا سرور عباس کو امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کی امریکا میں تحقیقات کے تسلسل میں گرفتار کیا گیا۔ملزم کم سن امریکی بچوں کی ویڈیوز بنانے کے بعد انہیں بلیک میل اور دھمکیاں دینے میں بھی ملوث ہےملزم ٹیکنیکل طریقے سے بچیوں کے گھروں کے پتے نکالنے کے لیے مختلف ویب سائٹس استعمال کرتا تھا۔ ملزم بچیوں سے رابطہ کرکے قابل اعتراض ویڈیوز کو وائرل کرنے کی دھمکیاں دینے بھی ملوث تھا۔ملزم کا خاندان امریکا میں مقیم ہے ملزم ایک سال پہلے امریکہ بےدخل ہوا ہے۔