پنجاب کے محکمہ داخلہ نے بیجنگ انڈر پاس میں نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ کی شہری پر براہ راست فائرنگ کے واقعے پر کمپنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دفاتر عارضی طور پر سیل کردیے ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق نجی سکیورٹی کمپنی کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سیکیورٹی کمپنی کے دفاتر عارضی طور پر سیل کر دیے گئے ہیں۔ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی کمپنی 30 یوم میں شوکاز نوٹس کا تحریری جواب جمع کروانے کی پابند ہے اور غیر تسلی بخش جواب پر سیکیورٹی کمپنی کا لائسنس منسوخ ہوگا۔سیکیورٹی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو پیر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔