بھارت میں گوگل میپ کے ذریعے سفر کرنے والی ایک اور گاڑی کو حادثہ پیش آگیا .کار میں موجود افراد بریلی سے پیلی بھیت جا رہے تھے، اسی دوران ان کی کار گوگل میپ کے بتائے گئے شارٹ کٹ سے گمراہ ہوکر حادثے کا شکار ہوگئی۔پولیس کے مطابق کار میں موجود مسافروں نے گوگل میپس سے شارٹ کٹ دیکھ کر اس راستہ کا انتخاب کیا تھا لیکن ان کی کار خشک نہر میں جاگری۔کار میں سوار افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور کار کو ٹریکٹر کی مدد سے نکال لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بھارت میں گوگل میپ کے ذریعے سفر کرنےوالی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حادثے میں بدایوں سے فرید پور قصبے کی طرف جاتی گاڑی بریلی میں رام گنگا ندی پر زیر تعمیر پُل سے نیچے جا گری۔50 فٹ کی بلندی سے گرنے پر گاڑی میں سوار 2 بھائیوں سمیت 3 نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے.اہلخانہ کے مطابق نوجوان گوگل میپ کی رہنمائی میں سفر کر رہے تھے.جی پی ایس نے پُل کا راستہ کلیئر دکھایا لیکن آگے جا کر پُل موجود نہیں تھا۔