آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر انتظام ہونے والی سترہویں اردو کانفرنس کے اختتامی روز خطاب کرتے ہوئے انور مقصود نے خود کو نیوی کی جانب سے اٹھائے جانے کی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کہ میں 60 سال سے لکھ اور پڑھ رہا ہوں لیکن کبھی شہیدوں کے ساتھ مذاق نہیں کیا. میری بات سے کسی کو دکھ ہوا تو معافی کا طلب گار ہوں.انور مقصود نے کہا کہ دو روز سے ان کے گھر نہ صرف ملک بھر بلکہ بیرون ممالک سے بھی فون آ رہے ہیں جب کہ سوشل میڈیا بھی ایسی خبروں سے بھرا پڑا ہوا ہے کہ انور مقصود کو نیوی والوں نے اٹھا لیا۔انہوں نے وضاحت کی کہ وہ یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ شہیدوں کا مذاق اڑائیں یا ان سے متعلق کوئی بات کہیں۔انور مقصود نے عہد کیا کہ وہ آج تک زندہ لوگوں کے بارے میں بات کرتے آ رہے تھے لیکن آج کے بعد وہ ان پر بھی بات نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ انور مقصود نے ایک تقریب میں تینوں مسلح افواج میں سے پاک نیوی کو غیرت مند قرار دیا تھا. انہوں نے دلیل دی تھی کہ پاک نیوی کے جوان اس لیے غیرت مند ہیں، کیوں کہ وہ ڈوب کر مرجاتے ہیں۔بعد ازاں یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا اور کئی سینئر صحافیوں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی کے افراد نے انور مقصود کی اس بات پر شدید ناگواری اور غصے کا اظہار کیا تھا۔