سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانے کی تقریب کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیااور احتجاج کرنے والے مظاہرین نے ان کی گاڑی پر بھی حملہ کیا تاہم وہ محفوظ ہیں .پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا تھا قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے جانبدارانہ تھے انہیں مڈل ٹیمپل بینچر بنانا برطانوی اقدار کے منافی ہے. مڈل ٹیمپل جیسے معتبر ادارے کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان ہائی کمیشن کے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دیدیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ فوٹیجز کی مدد سے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے اور حملہ آوروں کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی، اس کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔محسن نقوی کا کہنا تھا حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے کابینہ کو بھیجا جائے گا۔