حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنی خدمات پیش کر دیں۔انہو ں نے کہا کہ اختلافات ختم کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے اور اس کے لیے میرا دفتر ہر وقت حاضر ہے۔ایاز صادق نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں مصروفیت کی وجہ سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہیں ہورہا ہوں. گزشتہ روز بھی بہت مختصر وقت کے لیے ایوان میں گیا تھا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات کیلئے میرا آفس اور گھر ہر وقت حاضر ہے. حکومت اپوزیشن میں تلخیاں ختم کرنے کے لئے مذاکرات ضروری ہیں.اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جب تک میں اس عہدے پر ہوں. میں کوئی کمی نہیں آنے دوں گا سب ممبران چاہے ان کا تعلق حکومت سے ہو یا اپوزیشن سے. میرے لیے سب برابر اور قابل احترام ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، کل ایوان میں ہونے والی بحث خوش آئند تھی.ایاز صادق نے کہا کہ اسپیکر کا دفتر اور گھر حکومت اور اپوزیشن کا ہوتا ہے، اسپیکر کے دروازے ہر وقت اپنے ممبران کے لیے کھلے رہتے ہیں، چاہیں ایوان کی کارروائی چل رہی ہو یا نہیں۔