پشاور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کو حفاظتی ضمانت منظور کرلی ،عدالت نے 14 روز تک بشری بی بی کو کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا.جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے بشری بی بی کی جانب سے مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔وکیل بشری بی بی نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی کے خلاف چاروں صوبوں میں مقدمات درج ہیں.مقدمات معلوم نہیں تفصیل فراہم کرکے گرفتار نہ کیا جائےؕ.عدالت نے بشریٰ بی بی کی ضمانت 14 روز کیلئے منظور کرتے ہوئے نیب، ایف آئی اے، وفاق اور صوبائی حکومت سے مقدمات کی تفصیل طلب کر لی ۔جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ میرا خیال ہے خیبرپختونخوا میں کوئی مقدمہ نہیں ہوگا، جس پر وکیل بشری بی بی کا کہنا تھا کہ جی خیبرپختونخوا میں نہیں، اس لیے یہاں آئی ہیں۔واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت 10،10 لاکھ روپے ضمانتی مچلکوں کی عوض منظور کرلی تھی۔ جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے رہا ہوکر پشاور پہنچ گئی تھیں۔