پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران سری نگر ہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر نیم فوجی دستے کے اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے بعد اب وہ پاکستان کے ایسے دوسرے سابق وزیر اعظم بن گئے ہیں، جن پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نومبر 1974میں اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف بھی قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جن کی حکومت کا تختہ فوجی آمر ضیاءالحق نے الٹ دیا تھا اور پھر اس کے تقریبا دو برس بعد قتل کے مقدمے کے نتیجے میں سن 1977 میں انہیں پھانسی دے دی گئی تھی۔پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور بعض دیگر رہنماؤں کے خلاف یہ مقدمات رمنا پولیس اسٹیشن میں درج کیے گئے ہیں، جس میں دفعہ 302 (قتل)، دفعہ 324 (قتل کی کوشش) اور دہشت گردی کے الزامات سمیت سیکشن 120 بی (مجرمانہ سازش کرنے) جیسے متعدد دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔پولیس حکام نے جو ایف آئی آر درج کی ہے اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے کہنے پر لینڈ کروزر کے ایک نامعلوم ڈرائیور نے رینجرز اہلکاروں کو مارنے کی نیت سے انہیں ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔