تحریک انصاف کی جانب سے چوبیس نومبر کو مظاہرے کرنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان انکی اہلیہ بشریٰ بی بی اور سابق صدر عارف علوی سمیت دیگر کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔مقدمے میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور، علیمہ خان، اعظم سواتی، تیمور مسعود، شہریار ریاض سمیت تین سو سے زائد مقامی رہنما اور کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق مظاہرین نے سرکاری موٹر سائیکل اور گاڑی کو نقصان پہنچایا جبکہ ملزمان نے پولیس ڈرائیور کو اغوا کیا اور تشدد کا نشانہ بنا کر چھوڑ دیا، بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد چڑھائی کا منصوبہ دیا۔ایف آئی آر کے مطابق بانئ پی ٹی آئی نے علیمہ خان کے ذریعے عوام کو 24 نومبر کے احتجاج کا پیغام دیا۔بشریٰ بی بی نے 19 نومبر کے ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کا کہا۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے پُرتشدد احتجاج کر کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا اور جلاؤ گھیراؤ کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ املاک کو نقصان پہنچانے، پولیس پر حملے سمیت دیگر الزامات میں 35 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔