بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ احتجاج کی تاریخ کے حوالے سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ اسے تبدیل کردیا جائے گا.کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور 24 نومبر کی تاریخ تبدیل نہیں ہوگی.یہ صرف عمران خان کی رہائی کی صورت میں تبدیل ہوگی۔پاکستان تحریک انصاف کے یوٹیوب چینل سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کو پاکستان کا ہر طبقہ احتجاج کا حصہ بنے یہ صرف عمران خان کی جنگ نہیں بلکہ ملک کے لیے حقیقی آزادی کی جنگ ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ہر طبقے کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے.اگر تمام لوگ اس احتجاج کا حصہ بنیں گے تو کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اس حوالے سے لائحہ عمل اور پیغامات بھیجے ہیں لیکن وہ وقت کے ساتھ بتائے جائیں گے۔عمران خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ کبھی قانون ہاتھ میں لیا ہے اور نہ لیں گے، اداروں کو بھی یہ بتانا چاہتی ہوں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان طاقت میں آکر کسی سے بدلہ لینے کی خواہش نہیں رکھتے، جیل میں انہوں نے سیکھا ہے کہ طاقت میں آکر معافی کا دروازہ کھلا رکھتے ہیں. جو بھی ان کے حوالے سے یہ کہہ رہا کہ وہ بدلہ لیں گے تو یہ سب جھوٹ ہے۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ ہم نے ورکرز کو جہاد کے نعرے لگانے کو نہیں کہا،جہاد کا نعرہ کارکنان کے دلوں سے خود نکلتا ہے. ہر چیز کرانے والی ذات صرف اللہ کی ہے، ہماری دعا ہے کہ ہمارے ہاتھ سے اللہ اچھے کام کرائے۔