مستونگ میں دھماکہ اسکول جانے والے 5 بچوں سمیت سات افراد جاں بحق

مستونگ میں سول اسپتال چوک پر اسکول کے قریب دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور پانچ بچوں سمیت سات افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب یہاں سے پولیس کی ایک گاڑی گزررہی تھی۔پولیس کے مطابق دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا ۔ پولیس کے مطابق اس گاڑی میں پولیو کی ڈیوٹی پر جانے والے اہلکار بیٹھے تھے۔ بچوں کی اسکول وین بھی دھماکے کی زد میں آ گئی ۔پولیس حکام کا بتانا ہے کہ بم دھماکے میں چوک پر موجود پولیس موبائل مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ دیگر گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا۔زخمیوں میں 6 کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔پولیس کے مطابق ھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب اور ریموٹ کنٹرول تھا، جاں بحق بچوں کی عمریں 5 سے10 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کے قریب ایک اسکول واقع ہے اور دھماکے کے وقت اسکول کے بچوں اور بچیوں کی ایک بڑی تعداد وہاں سے گزر رہی تھی جس کے باعث وہ دھماکے کی زد میں آگئے۔ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں