عمران خان نےتحریک انصاف کے خلاف مبینہ حکومتی اقدامات پر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے آئینی درخواست میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر جوڈیشل انکوائری کی استدعا کی گئی ہے۔ جس میں نامعلوم افراد کے ساتھ ملی بھگت سے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کو ریاستی حکام کی جانب سے مبینہ طور پر دبانے اور نشانہ بنانے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ بنیادی حقوق کی بحالی کے احکامات جاری کرے دفعہ 144 کے غلط استعمال اور ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کو بھی روکا جائے ۔ عمران خان کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی جوڈیشل کمیشن کو ریاستی حکام کے امور میں سیاسی اور غیر سیاسی مداخلت اور آئین کے تحت اداروں کی طرف سے لیے گئے حلف کی خلاف ورزی کا جائزہ لینا چاہیے، اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے۔درخواست میں متعدد فریقین کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی تقریباً تمام اہم وزارتیں شامل ہیں۔