جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان پر فرد جرم عائد،متعدد رہنما گرفتار

جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، شیخ رشید،عمر ایوب ،راجہ بشارت،زرتاج گل سمیت سو ملزمان پر فرد جرم عائد ہوگئی اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت مجموعی طور پر 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے. فرد جرم عائد ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور سابق صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ عمرایوب، شیخ رشید، فواد چوہدری، زرتاج گل اور راجہ بشارت سمیت دیگر ملزمان بھی پیش ہوئے۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے، مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت 143 ملزمان نامزد ہیں۔عدالت 23 ملزمان کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان میں شہباز گل،زلفی بخاری اور مراد سعید بھی شامل ہیں۔عدالت نے استغاثہ کی شہادت رکارڈ کرنے کے لیے 10 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔

اپنا تبصرہ لکھیں