کراچی کے اسکول میں اے آئی ٹیچر عینی متعارف

کراچی کے ایک نجی اسکول نے اے آئی سے چلنے والی ٹیچر روبوٹ کو متعارف کرایا ہے جو پہلی بار طلباء کے سوالات کے فوری جواب دیتی ہے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کراتی ہے۔گلشن اقبال میں ہیپی پیلس سکول کے اصفہانی کیمپس نے یکم نومبر کو باضابطہ شمولیت کے ساتھ ہی اپنی پہلی AI روبوٹک ٹیچر کا تقرر کیا ہے جسے باضابطہ طور پر مس عینی کا نام دیا گیا ہے۔اسکول انتظامیہ کے مطابق مس عینی کو متعارف کرانے کا مقصد پاکستان کے تعلیمی نظام میں تبدیلی لانا ہے۔ مصنوعی ذہانت اب ایک حقیقت بن چکی ہے جس سے ہمیں تعلیمی شعبے میں فائدہ اٹھانا چاہیے اگر ہم اس طرح کے اے آئی ٹیچرز سرکاری اسکولوں میں بھی متعارف کرائیں تو تعلیمی معیار کو بہتر کرنے اور دیگر درپیش مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔اے آئی سے چلنے والی استاد مصنوعی ذہانت سے لیس ہے اور 20 سے زیادہ زبانوں میں سوالات کے جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے مس عینی کے ساتھ کلاسز میں شرکت کرنے والے طلباء نے اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی ٹیچر فوری طور پر ان کے سوالات کے جوابات دیتی ہیں جس سے روبوٹک کلاسز کو ایک منفرد اور لطف اندوز تجربہ بنایا جاتا ہے۔واضح‌رہے کہ اسکول کے ہیڈ آف روبوٹکس اینڈ اے آئی ڈپارٹمنٹ حسان صدیقی اور وائس پرنسپل کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں اس روبوٹک ٹیچر کو بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں