اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو نےدو ماہ بعد لبنان میں حزب اللہ کے خلاف پیجر حملوں کا اعتراف کرلیا. اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے خلاف پیجرز حملوں کی منظوری دی تھی۔بن یامین نیتن یاہو کا یہ بیان اسرائیلی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے موقع پر سامنے آیا ہےان کا کہنا تھا کہ پیجر آپریشن اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کی کارروائی وزارتِ دفاع میں اعلیٰ عہدوں پر موجود افراد کی مخالفت کے باوجود کیے گئے۔ان کے بقول یہ اقدامات سیاسی طور پر عہدوں پر موجود افراد کی ذمہ داری تھی. واضح رہے کہ لبنان میں سولہ اور سترہ ستمبر کو سینکڑوں پیجرز اور واکی ٹاکیز میں دھماکے ہوئے تھے۔ان دھماکوں میں لگ بھگ چالیس افراد شہید کیےگئے تھے .اسرائیل نے ابتدائی طور پر ان حملوں پر براہ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ حملے ممکنہ طور پر اسرائیل کی جاسوسی ایجنسی موساد نے کیے ہیں۔