گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ وہ اب کبھی وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملاقات نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے فیصلہ سازی کے عمل میں ان کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا ہے.سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ پچھلے 6 مہینوں کے دوران انہوں نے مریم نواز سے متعدد بار فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا کیونکہ انہوں نے کبھی بھی کسی مسئلے پر مشورہ نہیں کیا، لہٰذا اب وہ ان سے نہیں ملیں گے .سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز ملکہ بن چکی ہیں. انہوں نے وائس چانسلرز کی تقرری کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ میرٹ کے معاملات پر مجھے کبھی فون یا مشاورت نہیں کرتی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں میرٹ کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اتحادی کی حیثیت سے پیپلز پارٹی سے تمام گورننس معاملات میں مشاورت کی جانی چاہیے۔سلیم حیدر نے کہا کہ پنجاب میں دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات تعطل کا شکار ہیں اور انہوں نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔