300سے زائد پاکستانی زائرین دمشق میں پھنس گئے

شام جانے والے تین سو سے زائد پاکستانی زائرین دمشق میں پھنس گئے شام کی باغی ملیشیا حیات التحریر الشام کے ملک پر قبضے کے باعث سیکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ہر سال لاکھوں پاکستانی مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام جاتے ہیں۔ شام ونگز ائیرلائن کے کنٹری ہیڈ طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ باغیوں نے ملک پر قبضے کے بعد ائیر پورٹ بند کر دیا ہے. ہماری آج لاہور کیلئے پرواز منسوخ ہوئی ہے۔طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ گیارہ دسمبر کی کراچی کیلئے فلائٹ بھی کینسل ہے۔دوسری جانب زائرین کے مطابق کہ شام ونگز کے تحت ائیر لائنز کا آج کا شیڈول واضح نہیں.دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کے باعث زائرین میں خوف و ہراس ہے۔شام میں موجود پاکستانی سفارتی حکام کی جانب سے شام میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے. دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دمشق ایئرپورٹ کھلتے ہی پاکستانیوں کی واپسی کا آپریشن شروع کردیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں