چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کی رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ سیاسی جماعتوں سے رابطے میں رہیں تاکہ تعین کیا جاسکے کہ کن معاملات پر سیاسی اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔ بلاول ہاؤس کراچی میں ایک اجلاس کے دوران مرکز میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے درمیان پاکستان پیپلزپارٹی نے سیکیورٹی، ڈیجیٹل اکانومی اور زراعت سمیت اہم قومی معاملات پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں موجود کمیٹی ارکان نے سیاسی، پالیسی اور قانون سازی کے معاملات پر وفاقی حکومت کی جانب سے بروقت مشاورت کے فقدان کو اجاگر کرتے ہوئے اسے ایک اہم رکاوٹ قرار دیا جسے حل کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں دہشت گردی میں حالیہ اضافے اور نئے زمینی حقائق کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نئے مسائل سے نمٹنے کے لیے نئے اتفاق رائے کی عدم موجودگی کا ذکر کیا گیا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کمیٹی ارکان کو ہدایت کی کہ سیاسی جماعتوں سے مل کر تعین کریں کہ کن مسائل پر سیاسی اتفاق رائے قائم کیا جاسکتا ہے تاکہ رواں ماہ کے اختتام پر پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے سامنے تجاویز پیش کی جاسکیں۔