چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے تحریری وجوہات طلب کرلیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے بھارتی خط کی تحریری کاپی مانگی تھی جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو پاکستان نہ جانے بارے زبانی آگاہ کیا تھا۔واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ایونٹ کے شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہے جب کہ مزید چند روز تک اعلان میں ناکامی پر آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اب آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو تحریری وجوہات بیان کرنے کا کہا ہے، قوانین کے مطابق بھارت کو پاکستان نہ جانے کی ٹھوس وجوہات دینا ہوں گی، آئی سی سی کو وجوہات کا جائزہ لے کر بھارت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنا ہو گا۔ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے نہ آنے سے آئی سی سی کو 50 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو گا جبکہ پاک بھارت میچز نہ ہونے سے بھارتی بورڈ کے نقصان کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالر ہے۔