توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے روبکار جاری کردیئے گئے .اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی روبکار جاری کی۔عدالتی روبکار کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت ہائیکورٹ سے منظور ہو چکی، بانی پی ٹی آئی کسی دیگر مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں رہائی دی جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے 10لاکھ روپے کے 2 مچلکے طارق نون اور راجہ غلام سجاد نے دیے.عدالت عالیہ اسلام آباد نے اپنے حکم نامے میں قرار دیا کہ درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ اٹھائے تو استغاثہ ضمانت واپس لینے کی درخواست دے سکتاہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان گزشتہ سال 5 اگست کو توشہ خانہ ون کیس میں گرفتاری کیے جانے کے بعد سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔توشہ ٹو میں ضمانت ملنے کے بعد راولپنڈی پولیس نے 28 ستمبر کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمہ نمبر 2831 میں عمران خان کو گرفتار کرلیا تھا جب کہ گزشتہ روز راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیر اعظم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا تھا۔