نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کےممکنہ کابینہ اراکین کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزد کابینہ کی بعض شخصیات کو بم حملوں اور گاڑی سے کچل دینے کے واقعات میں جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نئی کابینہ اور وائٹ ہاؤس میں اپنی ٹیم کے لیے جن افراد کو نامزد کیا ہے ان میں سے نو افراد کو دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔جن میں وزارت دفاع، ہاؤسنگ، زراعت اور لیبر سمیت اقوام متحدہ کے لیے امریکا کے نامزد سفیر بھی شامل ہیں۔ ٹرمپ کی اقتدار منتقلی ٹیم کی ممبر کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ ٹرمپ کی نئی ٹیم کے نامزد افراد کو یا ان کے ساتھ رہنے والوں کو دھمکیاں ملی ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے درخواست ہے ان کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ دھمکیاں اور تشدد کی کارروائیاں ہمیں نہیں روک سکتیں اور صدر ٹرمپ اس کی مثال ہیں۔ امریکا کے تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے کہا کہ متعدد بم دھمکیوں اور افواہوں کے واقعات ان کے علم میں ہیں اور تمام ممکنہ خطرات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں