پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ آئینی ترمیم آزاد عدلیہ پر حملہ ہے، ہم اس کیخلاف احتجاج کرکے پورا پاکستان بلاک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ہم فائنل احتجاج کا منصوبہ بنا رہے رہے ہیں اور پورے پاکستان میں احتجاج کریں گے، ہر جگہ سے لوگ نکلیں گے اور جہاں کہیں بھی رکاوٹ آتی ہے اور وہ آگے نہیں بڑھ پاتے تو وہیں احتجاج جاری رہے گا اور بقیہ لوگ انہیں وہیں جوائن کر لیں گے، یہ مکمل اور مستقل احتجاج ہو گا، یہ احتجاج پورے پاکستان میں ہو گا اور ہم پورے پاکستان کو بلاک کریں گے اور اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے اور اس قابض حکومت کے جان چھڑانے تک احتجاج جاری رہے گا ،انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کو پارٹی سے نکالیں گے، بزدل لوگوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں.علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور پرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، ہم کسی کے ایجنڈے پر جا کر پرتشدد کبھی نہیں ہوں گے، پرامن طریقے سے اپنا حق لینا ہے، سیاسی تحریک ہے تو سیاسی طریقے سے ہو گی اور ہم اپنا حق لیں گے۔