بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش آرمی کی نویں ڈویژن کو ڈھاکہ میں متحرک کر دیا گیا ہے. جس سے دارالحکومت میں ایک اور فوجی بغاوت کی افواہیں زور پکڑ رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوج ملک میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور خاص طور پر ڈھاکہ میں کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہے۔بنگلہ دیش کے ایک نمایاں طالبعلم رہنما آصف محمود شجیب بھویان نے آرمی چیف جنرل وقار الزمان کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے عبوری حکومت میں محمد یونس کی تقرری پر مجبوراً رضامندی ظاہر کی تھی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک اور طالبعلم رہنما حسنات عبداللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکام ایک خفیہ اجلاس کے دوران بنگلہ دیش میں ایک نئی سیاسی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق بھارت نے ایک نئی ریفائنڈ عوامی لیگ کے قیام کی تجویز دی ہے جس کے بدلے میں انہیں انتخابات میں سیٹ شیئرنگ کی پیشکش کی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کو دوبارہ سیاست میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔یہ انکشافات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب بنگلہ دیش کی طلبہ تنظیموں اور فوجی قیادت کے درمیان تناؤ بڑھنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ طلبہ نے مبینہ طور پر آرمی قیادت کے خلاف تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے جس کے بعد بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی تینوں افواج کے سربراہان نے ایک ورچوئل اجلاس میں صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔