اسرائیل نے تہران میں واقع ایران کے سرکاری ٹی وی چینل پر براہ راست نشریات کے دوران حملہ کردیا اسرائیل نے تہران پر اپنے تازہ حملے میں اسلامک رپبلک آف ایران براڈکاسٹنگ کو نشانہ بنایا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارےکی عمارت پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں براہِ راست نشریات عارضی طور پر معطل کرنا پڑیں۔یہ حملہ اس وقت ہوا جب ایک خاتون اینکر براہ راست نشریات میں اسرائیل پر تنقید کر رہی تھیں۔ سرکاری ٹی وی چینل کی براہ راست نشریات کے دوران ایک دھماکے کی آواز سُنی گئی تھی اور میزبان نے اسی وقت ناظرین کو مطلع کیا کہ ان کے سٹوڈیو پر حملہ کر دیا گیا ہے۔ خاتون اسٹوڈیو سے نکل گئیں۔اس حملے کے چند منٹ تک نشریات معطل رہی لیکن پھر نشریات بحال کردی گئیں اور خاتون اینکر سے وہیں سلسلہ شروع کیا جہاں سے منقطع ہوا تھا۔ٹی وی چینل پر نظر آنے والے ایک نیوز ٹکر میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ اسرائیل اس حملے کے ذریعے سچ کی آواز کو خاموش کرنا چاہتا ہے۔یاد رہے کہ ایران کا سرکاری ٹی وی چینل حملہ تہران کے پوش علاقے میں ہوا جہاں کئی اسپتال، سفارت خانے، پولیس ہیڈکوارٹرز اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر بھی موجود ہیں۔
