امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور روس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دونوں ملکوں کی معیشتوں کو مردہ قرار دے دیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بھارت روس کے ساتھ کیا کرتا ہے دونوں اپنی مردہ معیشتوں کو ایک ساتھ نیچے لے جا سکتے ہیں۔امریکی صدر نے اپنے ٹروتھ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مجھے کوئی پرواہ نہیں کہ بھارت روس کے ساتھ کیا کرتا ہے وہ اپنی مردہ معیشتوں کو ساتھ لے کر ڈوب جائیں مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بھارت کے ساتھ بہت کم کاروبار کیا ہے کیونکہ ان کے ٹیرف دنیا میں سب سے زیادہ ہیں اسی طرح روس اور امریکا کے درمیان بھی تقریباً کوئی تجارت نہیں ہوتی ایسا ہی رہنے دیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے روس بھارت تعلقات پر سخت تنقید کی اور کہا وہ بہت خطرناک علاقے میں داخل ہو رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ بھارت نے ہمیشہ اپنی زیادہ تر فوجی ضروریات روس سے پوری کی ہیں اور وہ چین کے ساتھ مل کر روس سے توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت ایسا اس وقت کر رہا ہے جب پوری دنیا چاہتی ہے کہ روس یوکرین میں قتل و غارت بند کرے یہ سب چیزیں اچھی نہیں ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد امریکا کے تجارتی خسارے کو کم کرنا ہے خاص طور پر ان ممالک کے ساتھ جن سے امریکا درآمد کرتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کو نہ صرف 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا بلکہ روس سے تجارت کی بنیاد پر اضافی جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے جس کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔
