امریکی صدر کا اپنے شہریوں کو فی کس 2 ہزار ڈالر دینے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کو ٹیرف سے حاصل ہونے والی اضافی آمدن میں سے زیادہ تر رقم شہریوں میں ڈیویڈنڈ کی صورت میں تقسیم کی جائے گی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو ٹیرف سے حاصل ہونے والی آمدن میں سے زیادہ تر شہریوں کو کم از کم 2 ہزار ڈالر بطور ڈیویڈنڈ ادا کیے جائیں گے۔ تاہم زیادہ آمدن والے امریکی اس سے محروم رہیں گے۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اتوار کو ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم کھربوں ڈالر حاصل کر رہے ہیں اور بہت جلد اپنے 37 کھرب ڈالر کے بھاری قرضے کی ادائیگی شروع کریں گے۔ ہر شخص کو زیادہ آمدنی والے افراد کے علاوہ کم از کم 2 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں عوام کے لیے ایک سے 2 ہزار ڈالر کی رقم تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اور کہا تھا کہ ان کے نافذ کردہ محصولات سے امریکا کو سالانہ ایک کھرب ڈالر سے زائد آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔ٹرمپ نے اپنے ناقدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ محصولات کی مخالفت کر رہے ہیں وہ احمق ہیں کیونکہ امریکا اب محصولات سے ریکارڈ آمدنی حاصل کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں