وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصان سے متعلق ابتدائی انٹیلیجنس رپورٹ کو تسلیم تو کرلیا تاہم ان رپورٹس کو غلط اور گمراہ کن قرار دے دیا۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے ایک بیان میں بتایا کہ مبینہ ابتدائی اندازہ بالکل غلط ہے اور اس کی ٹاپ سیکرٹ کے طور پر درجہ بندی کی گئی تھی لیکن انٹیلی جنس کمیونٹی میں ایک گمنام نچلے درجے کے شکست خوردہ کے ذریعہ امریکی میڈیا کو لیک کر دیا گیا ۔وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں پریس سیکریٹری کا کہنا تھا کہ یہ دستاویز ٹاپ سیکریٹ تھیں اور انہیں جان بوجھ کر خفیہ طریقے سے میڈیا تک پہنچایا گیا۔کیرولین لیویٹ نے کہا کہ اس مبینہ جائزے کا افشا ہونا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی توہین اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ جب آپ 30 ہزار پاؤنڈ وزنی 14 بم ٹھیک نشانے پر گراتے ہیں تو اس کا مطلب مکمل تباہی ہوتا ہے نہ کہ جزوی نقصان ہوتا ہے۔دوسری جانب امریکی وزیردفاع نے ایران سے متعلق امریکی میڈیا کی رپورٹ مستردکرتے ہوئے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل تباہ کیا ہے بمباری کو تباہ کن نہ کہنے والے صدر ٹرمپ کی کامیابی کے خلاف ہیں۔
