پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور غیرقانونی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔دفتر خارجہ نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیاں ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اس موقع پر ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اسرائیل نے خطے کے امن، سیکیورٹی اور استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیل جارحیت رکوانے کیلئے کردار ادا کرے۔دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کریں اس جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور جارح ملک کو اس کے اقدامات کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
