ایران نے اسرائیل کا ایک اور ایف 35 جنگی جہاز گرانے کا دعویٰ کر دیا۔ایران اسرائیل جنگ کے دوران ایران کی جانب سے 4 اسرائیلی ایف 35 جنگی طیارے گرانے کے دعوے کے بعد امریکی کمپنی لاک ہِیڈ مارٹن کے شیئرز گرنے لگے۔اسرائیل کے زیر استعمال جدید ترین ففتھ جنریشن اسٹیلتھ ایف 35 طیارے بنانے والی امریکی کمپنی کے شیئرز ایک روز کے دوران تقریباً 4 فیصد گرگئے۔ایرانی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران نے اسرائیل کا ایک اور ایف 35 طیارہ مار گرایا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ اسرائیلی ایف 35 طیارے کو تبریز میں گرایا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایران کی جانب سے 3 اسرائیلی ایف 35 طیارے مار گرانے اور 2 پائلٹوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم اسرائیلی فوج نے ایران کے ان دعوؤں کی تردید کی تھی
