ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کو سرنڈر کرنے کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا امریکا کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے۔ایران کے سپریم لیڈرعلی خامنہ ای نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران پر حملہ کر کے اسرائیل نے بڑی غلطی کر دی اسرائیل کو اس کے مجرمانہ اقدامات کی سزا ملے گی ہم اپنے شہیدوں کا لہو کبھی نہیں بھولیں گے۔سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو قبول نہیں کرے گا۔قوم سے خطاب میں علی خامنہ ای نے کہا کہ ایران ایک باوقار اور خوددار ملک ہے جو کسی بھی بیرونی دباؤ یا دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے کہ ایران دھمکیوں کا کس طرح جواب دیتا ہے۔
