ایف بی آر سمیت وفاقی ادارے اپنا کام نہیں کرتے پھر بجلی کے بلوں سے ٹیکس جمع ہوتا ہے: بلاول بھٹو

وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ کے دو لاکھ خاندانوں کو سولر سسٹم دینے کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سولر پینل، ایک پنکھا اور تین بلب مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عوام کو 2 مہینے ریلیف کے چکر میں 12 مہینے تکلیف ملتی ہے تو سولر نظام بہتر ہے، ہم بجلی کے مسئلے کا مستقل حل چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق سندھ کے عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، مڈل کلاس اور نوکری پیشہ افراد کی مشکلات کا بھی اندازہ ہے، اگلے مرحلے میں انھیں بھی سبسڈی دیں گے۔


بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران دور حکومت میں ہم نے لانگ مارچ کیا تو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 20 روپےکی کمی کرکے معیشت کو نقصان پہنچایا ، آج کی مہنگائی عمران خان کے ایک غلط فیصلے سے جڑی ہوئی ہے، اب نہ کوئی لانگ مارچ نظر آرہا ہے اور نہ عدم اعتماد ہے، اگر ہم مل کر کام کریں تو پاکستان کو مہنگائی سے بچاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق کا بجلی کا نظام تباہ ہے، ایف بی آر اور وفاق کے ادارے اپنا کام صحیح سے نہیں کرتے اور پھر بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس جمع کرتے ہیں جس سے بجلی کے بل سے عوام کو کرنٹ لگ جاتا ہے، ہم اپنے عوام کو سستی بجلی دیں گے، صوبے میں تین سولر انرجی پارک بنانے کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں، سستی بجلی کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مکمل کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں