یہ واقعہ جنوبی کیلیفورنیا کے Malibu Creek اسٹیٹ پارک میں پیش آیا۔
لاس اینجلس کے مغرب میں واقع اس نیشنل پارک میں یہ 5 سالہ بچہ اپنے گھر والوں کے ساتھ پکنک منانے آیا تھا۔
اس موقع پر ایک پہاڑی شیر اسے سر سے دبوچ کر لے گیا۔
بچے کی ایک خاتون رشتے دار نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ‘اس موقع پر کسی نے بچے کا نام چیخ کر پکارا اور اس کے باپ نے بھاگنا شروع کردیا’۔
انہوں نے بتایا کہ ‘باپ نے بھاگ کر پہاڑی شیر کو اپنے خالی ہاتھوں سے پکڑ لیا اور اس سے لڑنا شروع کردیا، جس کے بعد شیر نے بچے کو چھوڑ دیا’۔
کیلیفورنیا وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک بالغ شخص نے شیر کی جانب بھاگنا شروع کیا اور بچے کو بچا لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ وہاں موجود متعدد افراد نے اس شخص کے حملے کو دیکھا اور پھر شیر کو قریبی درخت پر چڑھتے دیکھا۔
شیر کے حملے سے وہ بچہ زخمی ہوا جس کے باعث اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں ایک ٹیم نے اس شیر کو عوام کے لیے خطرہ قرار دے کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔