بلوچستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرینگے: وزیراعظم

کوئٹہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان میں امن وامان اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعدگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے، دہشت گردوں کا صفایا کریں گے، جو پاکستان کے آئین اور جھنڈے کو مانتے ہیں ان سے مذاکرات کی ضرورت ہے، دشمن نہیں چاہتا کہ سی پیک کا منصوبہ چلے اور بلوچستان میں ترقی ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر میں دھرنے دیے جارہے ہیں اور حملے کیے جارہے ہیں،کیا ان کوخوش حالی کی فکر ہے؟ ملک دشمن عناصر سی پیک اور پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اعظم نےکہا کہ بلوچستان پاکستان کا بہت خوبصوررت صوبہ ہے، شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جائےگا، اس بارے میں کوئی شک نہیں کہ آرمی چیف کی قیادت میں اس مرحلے کو عبورکریں گے، دہشت گردی نے2018 کے بعد سر اٹھایا ہے اس کا سرکچلا جائےگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں نے جو قربانیاں دیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان کی ترقی کی راہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کیاجائےگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں