بنگلادیش میں طلبہ ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اوراس دفعہ وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ حسینہ واجد کے استعفیٰ پر تضاد بیانی پر صدر مستعفی ہوجائیں .بنگلادیشی میڈیا کے مطابق طلبہ صدر محمد شہاب الدین کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور سینکڑوں طلبہ نے صدارتی محل کے باہر احتجاج کرتے ہوئے صدر سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔صدر شہاب الدیں نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے پاس سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے استعفے سے متعلق کوئی دستاویزی ثبوت نہیں ہے جب کہ پانچ اگست کو اپنی تقریر میں صدر نے دعوی کیا تھا کہ شیخ حسینہ نے استعفیٰ جمع کرادیا ہے۔اس حوالے سے بنگلادیشی عبوری حکومت کے قانونی مشیر ڈاکٹر آصف نذرل نے کہا کہ صدر نے ایک متضاد بیان دیا کہ ان کے پاس شیخ حسینہ کے استعفے کی دستاویز نہیں ہے.بنگلادیشی میڈیا کے مطابق صدر کے بیان کے بعد شیخ حسینہ کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پھر سڑکوں پر آگئے ہیں اور صدر سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔