کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے غیر سرکاری تنظیم ہوپ کی چیئرپرسن مبینہ قاسم اگبوٹوالا کو بچوں کی اسمگلنگ کے مقدمے میں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ہیلتھ اورینٹڈ پریوینٹو ایجوکیشن (ہوپ) کی چیئرپرسن مبینہ قاسِم اگبوٹوالا کو اس وقت گرفتار کیا جب عدالت نے ان کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ایف آئی آر کے مطابق 15 ستمبر 2023 کو امریکی قونصل خانے کی جانب سے ایف آئی اے کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں ملزمہ اور دیگر افراد کے خلاف الزامات لگائے گئے تھے۔شکایت میں 3 ایسے بچوں کے ویزا کیسز کا ذکر تھا جن کی گود لینے کی درخواستیں دی گئی تھیں مگر تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ان بچوں کا ان مراکز میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں جن کا درخواستوں میں ذکر تھا۔ایف آئی اے کے مطابق این جی او نے لاوارث بچوں‘ کو بیرون ملک مقیم ایک ہی برادری سے تعلق رکھنے والے مختلف خاندانوں کے حوالے کیا اور اس کے لیے یکساں نوعیت کی عدالتی درخواستوں پر احکامات حاصل کیے گئے۔منگل کو تفتیشی افسر نے ملزمہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تاکہ مزید تفتیش کی جا سکے۔تاہم عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
