بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان سے کشیدگی کے بعد بھارت نے مینز ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے بی سی سی آئی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہیں بھارتی ٹیم ایک ایسے ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل سکتی جس کے سربراہ پاکستان کے وزیر ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بورڈ نے رواں سال ایشیاکپ نہ کھیلنے کافیصلہ کیا ہے اور متعلقہ حکام فیصلے سے متعلق ایشین کرکٹ کونسل کو آگاہ بھی کرچکا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے اخبار انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ بی سی سی آئی نے نے ایشیئن کرکٹ کونسل کو بتا دیا ہے کہ وہ ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں حصہ نہیں لے رہا جو اگلے ماہ سری لنکا میں ہو رہا ہے۔ اسی طرح انڈیا ستمبر میں ہونے والے مینز ایشیا کپ میں بھی شرکت نہیں کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل کو اپنی دستبرداری سے آگاہ نہیں کیا۔ماہرین کھیل کا کہنا ہے کہ اگر بھارت اسی روش پر قائم رہا تو ایشیائی کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے، اور کھیلوں کی غیرجانبداری پر سوالیہ نشان لگ سکتا ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ 2024 میں بھارت ہی کے سونی پکچرز نیٹ ورکس نے ایشیا کپ کے میڈیا حقوق 170 ملین ڈالر میں حاصل کیے تھے۔ لیکن اگر بھارت ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا یا اسے منسوخ کرتا ہے تو اس ڈیل پر بھی اثر پڑے گا۔پاکستانی شائقین اور کرکٹ ماہرین نے بھارت کے اس فیصلے کو کھیل دشمنی اور علاقائی کرکٹ کے قتل عام سے تعبیر کیا ہے.
