بھارتی فضائیہ کا تربیتی پیلاٹس پی سی 7 طیارہ معمول کے ٹریننگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثہ تامبرم کے قریب اس وقت پیش آیا جب طیارہ فضائی مشقوں میں مصروف تھا۔ خوش قسمتی سے طیارے کے پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچالی حادثے کے بعد پائلٹ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ جبکہ واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔بھارتی فضائیہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ نے تمام حفاظتی اصولوں کے تحت ایمرجنسی ایجیکشن کیا جس کے باعث کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔ فضائیہ کے مطابق، حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا۔واضح رہے کہ گزشتہ 30 سال میں بھارتی فضائیہ کو 550 سے زائد فضائی حادثات کا سامنا کرنا پڑا جن میں 150 سے زائد پائلٹس جان کی بازی ہارچکے ہیں۔