پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے رویے پر ردعمل دینے میں تاخیر پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو معطل کر دیا۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو گزشہ روز بھارت کے خلاف میچ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال پر آئی سی سی کو خط دیر سے لکھنے پر معطل کیا گیا۔واضح رہے کہ میچ ریفری پائی کرافٹ نے ٹاس کے دوران پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو بھارتی ٹیم کے کپتان سے ہاتھ نہ ملانے کہا تھا جس پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک دوسرے ہاتھ نہیں ملائے۔اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو بتایا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق اور ایم سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے جس پر انہیں فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹایا جائے۔میچ کے اختتام پر منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر اینڈریو رسل نے کہا تھا کہ ہمیں بھارتی بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور پھر کہا یہ اصل میں یہ ہدایات بھارتی حکومت کی جانب سے ملی ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ عثمان واہلہ اس وقت دبئی میں ہیں انہیں کرکٹ بورڈ کی جانب سے فوری طور پر واپس بلالیا گیا۔
