میانمار میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں 30 منزلہ زیرِ تعمیر عمارت کو زمین بوس ہوئے تقریباً 24 گھنٹے کا وقت گزر چکا ہے تاہم امدادی کارکن اب بھی ملبے سے لوگوں کو زندہ نکالنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ انھیں ملبے تلے کم از کم 15 افراد کے زندہ ہونے کا پتہ چلا تھا۔ حکام کے مطابق ان کا عمارت میں پھنسے کچھ افراد سے رابطہ ہوا جوچلانے اور شور مچانے کے قابل تھے جب کہ دیگر افراد کا انھوں نے ان کے حرکات اور جسم کی حرارت کی مدد سے پتہ لگایا ہے۔تھائی حکام کا کہنا ہے، گذشتہ رات ہمیں ملنے والے زندگی کے کچھ آثار اب نظر نہیں آرہے تاہم ہم پھر بھی امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑ رہے حکام کے مطابق یہ ایک زیرِ تعمیر عمارت تھی جس کی وجہ سے یہاں پانی کی سپلائی بھی نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عین ممکن ہے کہ پھنس جانے والوں کے پاس پینے کے لیے پانی نہیں ہوگا۔ایک امدادی کارکن نے بتایا کہ گذشتہ رات کے اندازے کے مطابق 98 افراد لاپتہ تھے۔تاہم ان کا کہنا ہے انھیں اب بھی حتمی طور پر معلوم نہیں کہ ملبے کے نیچے کتنے افراد پھنسے ہوئے ہیں۔